Categories
Quotes

صدقہ کسے کہتے ہیں

صدقہ کسے کہتے ہیں

صدقہ کسے کہتے ہیں ؟

جواب اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ سے ثواب پانے کی امید پر جو عَطیہ دیاجائے اسے صدقہ کہتے ہیں۔([1])

سوال حدیثِ پاک میں صدقہ کرنے کی کیا فضیلت آئی ہے ؟

جواب حضور نبیٔ مُکَرَّم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:صدقہ رب تعالٰی کے غضب کو بُجھاتا اور بُری موت کو دفع کرتا ہے۔([2])

سوال صدقہ کرنے کے کوئی دس فائدے بیان فرمائیے ؟

جواب صدقہ کرنے کے بے شمار فوائد ہیں جن میں سے دس یہ ہیں: (1) بری موت سے بچنا (2) عمر زیادہ ہونا (3) رزق اور مال میں برکت ہونا (4) بَلائیں دور

ہونا (5) مددِ الٰہی کا شاملِ حال ہونا (6) درجات کا بلند ہونا (7)رضائے الٰہی نصیب ہونا (8) گناہوں کا معاف ہونا (9) محبتوں میں اضافہ ہونا اور(10) ٹیڑھے کام درست ہونا وغیرہ۔([3])

سوال صدقہ عَلانیہ کرنابہتر ہے یا پوشیدہ ؟

جواب پوشیدہ صدقہ کرنا بہتر ہے مگر دوسروں کی ترغیب کے لیے علانیہ صدقہ کرنا افضل ہے ۔([4])

سوال صدقہ کہاں خرچ کرے ؟

جواب صدقہ رشتے داروں ،یتیموں،مسکینوں،مسافروں ،سائلوں اورغلام لونڈیاں آزاد کرانے میں خرچ کیا جائے ۔ (پ۲، البقرۃ:۱۷۷)

سوال صدقہ وخیرات کن لوگوں کو دینا افضل ہے؟

جواب صدقہ و خیرات اُن غریب علماء ،طلباء ، مُدَرِّسِین اوردِین کے خادِموں وغیرہ کو دینا افضل ہے جنہوں نے اپنی زندگیاں خدمتِ دین کے لئے وقف کر دی ہیں۔اگر ان کی خدمت نہ کی گئی اور یہ طلبِ معاش کے لئے مجبورًا مشغول ہوئے تو دینِ اسلام کا سخت نقصان ہو گا۔([5])

سوال کیا حرام مال سے صدقہ کیا جاسکتا ہے ؟

جواب حرام مال سے صدقہ نہیں کیا جاسکتا، حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے

مروی ہے کہ رسولُ اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: جو حرام مال جمع کرے پھر اس سے صدقہ دے تو اس میں اس کے لیے کوئی اجر نہیں اور اس کا وبال اسی پر ہوگا ۔([6])

سوال کیا قرض دینے کی بھی کوئی فضیلت ہے ؟

جواب جی ہاں !حضرت عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے مروی ہے کہ رسولِ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَنے ارشاد فرمایا : ’’ہر قرض صدقہ ہے۔‘‘([7])

سوال کیا بیوی اپنے شوہر کا مال صدقہ کرسکتی ہے ؟

جواب جی ہاں ! حصولِ ثواب کی نیت سے شوہر کی رضامندی سے بیوی مال صدقہ کرسکتی ہے ۔([8])

سوال کیا صدقہ کرنے کے بعد واپس لے سکتے ہیں؟

جواب نہیں لے سکتے کیونکہ حدیثِ پاک میں اس کی ممانعت ہے ۔([9])

سوال صدقاتِ واجبہ ،نفلی صدقات اور اَوقاف کی آمدنی بنی ہاشم کو دینا کیسا؟

جواب صدقاتِ واجبہ(جیسےزکوٰۃ،صدقۂ فطروغیرہ)نہیں دے سکتے صدقۂ نفل اور اَوقاف کی آمدنی دے سکتے ہیں، خواہ وقف کرنے والے نے ان کی تعیین کی ہو یا نہیں۔([10])

سوال کیا کسی کا دیا ہوا تحفہ صدقہ کرسکتے ہیں ؟

جواب جی ہاں!حدیث شریف میں ہے : جب تمہیں بن مانگے کچھ دیا جائے توکھاؤ اور صدقہ کرو۔